اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں ہارنے کے خوف سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ یہ غنڈہ گردی کرتے ہوئے دفاتر میں گھس جاتے ہیں اور لوگوں کو اغواء کرتے ہیں، عطا تارڑ کا لہجہ اور بدتمیزی بتا رہی ہے کہ ان کو اپنی شکست نظر آرہی ہے، ووٹوں کی خریدوفروخت کا انکا پرانا تجربہ ہے ، عطا تارڑ سمجھ رہے ہیں کہ ہم ان کی دھمکیاں برداشت کر لیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے مطالبہ کرتے ہیں وہ اپنی پوزیشن واضح کرے، ان کے ماضی میں ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات موجود ہیں۔
پلوشہ خان نے کہا کہ عطاتارڑ اپنا غصہ ہم پر نہ نکالیں، عطاتارڑ کے خلاف انکی اپنی جماعت کے کچھ لوگ ہیں، دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے دیکھیں چار انگلیاں انکی اپنی طرف ہیں، آپ حلقے کے کسی بھی ووٹر کو ہاتھ لگا کر دکھاؤ، نہ بلاول بھٹو کہیں جارہے ہیں نہ انکے بڑے کہیں جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے ہی وینٹی لیٹر پر پڑی آپکی جماعت کو اٹھا کر پی ڈی ایم میں شامل کیا ، آصف زرداری کی مدد سے ہی شہبازشریف وزیراعظم بنے، یہ جو لہجہ بول رہے ہیں یہ فرعونیت کا ہے کسی سیاستدان کا نہیں، الیکشن کمیشن اس امیدوار کی دھمکیوں کا سخت نوٹس لے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ 9 فروری کا سورج (ن) لیگ کے لیے شکست کا ماتم لے کر آئےگا۔