کراچی: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024 کے حوالے سے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کے زیرصدارت سکیورٹی اور امن و امان بارے اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ نے بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے کہا کہ آج رات 12 بجے کے بعد انتخابی مہم ختم ہو جائے گی، کل پولیس نفری کی تعیناتی اور انتخابی سامان کی ترسیل کا مرحلہ شروع ہو گا، تمام افسران اپنے ماتحت عملے اور انتخابی سامان کی ترسیل کو بہترانداز میں یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کے سکیورٹی انتظامات قابل اطمینان رہے ہیں، عام انتخابات سے قبل شرپسندی اور دہشت گردی کے عوامل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، شرپسند اور ملک دشمن عناصر پرامن انتخابی عمل اور انتظامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام افسران انتخابی عملے، سامان، رائے دہندگان اور امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں، پولنگ سٹیشنوں پر تعینات نفری اور ہیڈکوارٹرز کے درمیان بلا تعطل روابط کو یقینی بنائیں۔
رفعت مختار راجہ نے کہا کہ پولیس انتخابات کی سکیورٹی کے لئے فرنٹ لائن پر ہے، افسران اور جوان سندھ پولیس کا فخر ہیں۔