پنجاب: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹسز

Published On 06 February,2024 08:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ننکانہ صاحب نے خلاف ضابطہ تشہیری مواد آویزاں کرنے پر 6 امیدواروں کو وارننگز جاری کیں، پی پی 177 قصور سے امیدوار حاجی محمد الیاس خان کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد اور پی پی 178 سے امیدوار غلام رسول کو اشتعال انگیز تقریر کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پی پی 240 بہاولنگر کے امیدواروں رانا عبدالرؤف، محمد سہیل خان اور پی پی 186 اوکاڑہ سے امیدوار رائے مشتاق احمد کو بغیر اجازت جلسے کے انعقاد پر نوٹسز جاری کئے گئے۔

اسی طرح امیدوار پی پی 232 وہاڑی کے شہریار علی خان خاکوانی کو بھی ڈی ایم او کی طرف سے وضاحت کیلئے نوٹس جاری کیا گیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی طرف سے صوبہ پنجاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔