کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ظالموں نے سمجھا کہ ہم جیت نہیں سکتے وہ ووٹ خرید لیں گے، میں اپنی ماؤں بہنوں کو مبارباد دیتا ہوں جس طرح سے آپ نے ایم کیو ایم کی الیکشن مہم چلائی۔
انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الیکشن کمپین میں شہید ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اللہ ان کے درجات بڑھائے اور لواحقین کو صبر دے، کارکنوں کو کہتا ہوں آپ جیت گئے اور باطل ہار گیا ہے، انشاء اللہ ایم کیو ایم ڈسٹرکٹ سنٹرل کی تمام نشستوں پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، کراچی سے ظلم کے خاتمے کا آغاز 8 فروری کے دن شروع ہو جائے گا۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا ہے کہ الیکشن صرف ہار جیت نہیں بلکہ ہماری نسلوں کی بقاء کیلئے ضروری ہے، ظالموں نے یہ سمجھا کہ پیسوں سے الیکشن خرید سکتے ہیں، کراچی والوں نے ظالموں کا غرور خاک میں ملا دیا، کراچی، حیدر آباد اور میرپور خاص میں ہر طبقے نے ایم کیو ایم پاکستان کی انتخابی مہم چلائی، کارکنان کو بھرپور انتخابی مہم چلانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم ہی ملک کے غریب و متوسط طبقے کی واحد امید ہے، آج انتہائی دکھ کیساتھ شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، الیکشن مہم نے ثابت کر دیا کہ کراچی ایم کیو ایم پاکستان کا مضبوط قلعہ ہے، کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، موقع ملا تو کراچی کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے، الیکشن کے بعد کراچی جلد دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج کراچی کا پختون بھی ایم کیو ایم کا جھنڈا لیکر انتخابی مہم چلا رہا ہے، بیورو کریسی سے شہر پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھا جو چکنا چور ہونے جا رہا ہے، کراچی کے عوام اپنے ایک ایک ووٹ کی چوکیداری کریں گے، اہل کراچی فجر کی نماز پڑھ کر باہر نکلیں اور بھرپور ووٹ کاسٹ کریں، ایک ایک ووٹ ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی ضمانت ہے۔