پیپلز پارٹی الیکشن میں بڑی جماعت، بلاول وزیر اعظم ہوں گے: مراد علی شاہ

Published On 07 February,2024 09:02 am

سیہون:(دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور رہنما پیپلز پارٹی مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ کل ہونے والے الیکشن میں پیپلزپارٹی ملک کی بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی اور وزیراعظم بلاول بھٹو ہی بنیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ سے پیپلزپارٹی 45 سے 50 سیٹیں حاصل کرے گی، پنجاب سے 25 سے 30 نشستوں پر کامیابی متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہماری اکثریت ہے، کے پی کے دو ڈویژن پشاور اور مالاکنڈ پیپلز پارٹی کا گڑھ رہے ہیں جہاں پر مثبت نتائج کی توقع کی جارہی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے پورے ملک میں بہترین الیکشن مہم چلائی، باقی ساری پارٹیاں مل کر بھی ایسی الیکشن مہم نہیں چلا سکیں، الیکشن مہم کے دوران بلاول نے  بہترین حکمت عملی اپنائی، امید ہے کہ ہم ملک بھر سے اچھی سیٹیں حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو سنتا نہیں ہوں، مسلم لیگ ن نے کراچی سمیت پورے پاکستان کو کچھ نہیں دیا، اپنے دور اقتدار میں صرف انہوں نے منصوبے ہی بنائے مگر ان پر عمل درآمد نہیں کیا، مسلم لیگ نواز نے عوام کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کیا۔