اسلام آباد: (دنیا نیوز) جڑانوالہ میں مسیحی برادری کی املاک کو آگ لگانے کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں کیس کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر کردی گئی۔
دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ املاک کو نذر آتش کرنے کا کیس 19 فروری کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، جڑانوالہ واقعہ میں ملوث 283 افراد کی گرفتاری تفتیشی عمل کو مشکوک بنا رہی ہے، نذر آتش کئے گئے چرچز اور گھروں کی تعمیر یا تو روک دی گئی ہے یا سست روی کا شکار ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعدد کوششوں کے باوجود حکومت واقعہ کے تمام متاثرین کی مالی مدد نہیں کر رہی، نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک ماہ میں 20 لاکھ امداد کا وعدہ کیا تھا، 8 ستمبر کو عدالت نے کیس دو ہفتے بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔
درخواست میں کہا گیا عدالتی حکم کے باوجود تاحال کیس مقرر نہیں کیا گیا۔