گوگل بھی انتخابی رنگ میں رنگ گیا، ڈوڈل پر پاکستانی جھنڈا اور بیلٹ باکس لگا دیا

Published On 08 February,2024 05:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں عام انتخابات آج ہوں گے، گوگل بھی انتخابی رنگ میں رنگ گیا، گوگل نے ڈوڈل پر پاکستان کا جھنڈا اور بیلٹ باکس کی تصویر لگا دی۔

آج ہونے والے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کیا جبکہ ووٹنگ کیلئے 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، ہر پولنگ بوتھ پر دو بیلٹ باکس رکھے گئے ہیں، ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے نوجوان، خواتین اور بزرگ ووٹرز کی تعداد کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، پاکستان کے کل ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے جن میں 5 کروڑ 59 لاکھ 25 ہزار 940 نوجوان ووٹرز ہیں جو کل ووٹرز کا 43.85 فیصد بنتا ہے، ان ووٹرز کی عمر 18 سے 35 سال تک ہے، نوجوان ووٹرز میں 53.87 فیصد مرد اور 6.13 فیصد لڑکیاں شامل ہیں۔

انتخابات میں ایک کروڑ بائیس لاکھ 43 ہزار477 وہ نوجوان ہیں جو پہلی بار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں، یہ کل ووٹرز کا 9.60 فیصد ہیں، واضح رہے پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے والوں کی شرح ہمیشہ سے کافی زیادہ رہتی ہے، سال 2018 کے انتخابات میں 5 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 536 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا جو کُل ووٹرز کا 52 فیصد تھا۔

دوسری جانب پاکستان میں الیکشن کی گہما گہمی نے گوگل کو بھی انتخابی رنگ میں رنگ دیا ہے، گوگل نے ڈوڈل پر پاکستان کا جھنڈا اور بیلٹ بکس کی تصویر لگا کر انتخابات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔