الیکشن کے روز موبائل، انٹرنیٹ سروس بند کرنا کہاں کی دانشمندی ہے: سعید غنی

Published On 08 February,2024 10:21 am

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سعید غنی نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔

پی پی رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے روز موبائل فون اور انٹرنیٹ بند کرنا کہاں کی دانشمندی ہے، اس عمل سے الیکشن پر بہت سارے سوالات اٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ فون سروس اور انٹرنیٹ بحال کیا جائے، امن و امان کی ذمہ داری حکومت کی ہے، الیکشن کے اتنے بڑے عمل کو متنازع بنانا کسی طور پر مناسب نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔