اسلام آباد: (دنیانیوز) الیکشن کمیشن نے مبصرین اور میڈیا کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکریڈیشن کارڈ یا اجازت نامے کے حامل تمام مبصرین اور میڈیا کو پولنگ سٹیشن کے اندر جانے کی اجازت ہے۔
ایک بیان میں ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ ایکریڈیشن کارڈ الیکشن کمیشن کے ترجمان اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو اجازت نامے کے حامل آبزرورز اور میڈیا کو پولنگ سٹیشن میں داخلے سے نہ روکنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ، آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔
عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔