غیر ملکی مبصرین کا پولنگ سٹیشنز کا دورہ، انتخابی امور کے معاملات کا جائزہ لیا

Published On 08 February,2024 08:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کاعمل جاری ہے، دولت مشترکہ کے وفد اور غیر ملکی مبصرین نے اسلام آباد کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔

دولت مشترکہ کے وفد اور غیر ملکی مبصرین نے انتخابی امور کے معاملات اور پولنگ سٹیشنز کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ آج 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔

ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے 5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔

عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔