الیکشن سے قبل 88 امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے کئی حلقوں میں انتخابات ملتوی

Published On 08 February,2024 07:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے 88 امیدواروں کا انتقال ہونے کی وجہ سے کئی حلقوں میں الیکشن ملتوی کر دیئے گئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات 2024ء میں حصہ لینے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 88 امیدوار پولنگ ڈے سے قبل انتقال کر چکے ہیں، انتقال کرنے والوں میں قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلیوں کے 79 امیدوار شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ اور خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی کے حلقہ 22 سے الیکشن لڑنے والے آزاد امیدوار ریحان زیب کے قتل کے باعث ان حلقوں میں انتخابات ملتوی کر دیئے گئے، خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 91 کوہاٹ سے امیدوار عصمت اللہ بھی 30 جنوری کو انتقال کر گئے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلیوں کے 78 امیدوار حتمی فہرستوں کے اجرا سے قبل وفات پا گئے تھے، حتمی فہرستوں کے اجرا سے قبل انتقال کے سبب 86 حلقوں میں انتخابات ملتوی نہیں کیے گئے۔