عام انتخابات: ووٹ کیسے کاسٹ کیا جائے ؟

Published On 08 February,2024 08:02 am

لاہور: (ویب ڈیسک ) قوم آج ملک کا مستقبل چننے کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کرے گی، اس بار نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی پہلی بار اپنا ووٹ کاسٹ کرے گی، لیکن اس کیلئے انہیں جاننا ہوگا کہ ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کیا ہے، تاکہ آپ کا ووٹ ضائع نہ ہو۔

عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر ہوگا، بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے بعد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلی کے اپنے پسندیدہ امیدواروں کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔

ایک ہی امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں، ایک سے زائد امیدواروں کے انتخابی نشان پر ہرگز مہر نہ لگائیں۔

اگر آپ نے دو امیدواروں کے انتخابی نشان کے درمیانی حصے پر مہر لگائی تو بھی آپ کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

بیلٹ پیپر فولڈ کرنے کے بعد اس بات کو یقینی بنائیں کہ لگائی گئی مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہے۔

بیلٹ پیپر کا کوئی حصہ پھاڑ دینے اس پر کسی قسم کی کوئی پرچی چسپاں کرنے کی صورت میں بھی ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

 عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق ووٹ ڈالنےکے لیے اصلی شناختی کارڈکا ساتھ ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے، شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی دستاویز مثلاً پاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں ہے۔