کراچی: مسلح افراد کی پریذائیڈنگ افسر سے بیلٹ باکس چھین کر فرار ہونے کی کوشش

Published On 08 February,2024 05:23 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مسلح افراد نے پریذائیڈنگ افسر سے بیلٹ باکس چھین لیے، پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ملزمان بیلٹ باکس پھینک کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پریذائیڈنگ افسر سے بیلٹ باکس چھیننے کا واقعہ کراچی کے علاقے سعود آباد میں پیش آیا جہاں پریذائیڈنگ افسر اپنے عملے کے ساتھ سکول میں داخل ہوا تو ساتھ ہی مسلح افراد بھی آگئے، ملزموں نے بیلٹ باکس چھین کر لے گئے۔

پولنگ کے عملے کی جانب سے اطلاع کرنے کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کی تو ملزمان بیلٹ باکس پھینک کر فرار ہو گئے جبکہ پریذائیڈنگ افسر نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ چند مسلح افراد پولنگ سٹیشن آئے اور باکس چھین کر لے گئے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 20 سے 30 دہشتگردوں کے ساتھ پیپلز پارٹی نے حملہ کیا اور بیلٹ پیپر چھیننے کی کوشش کی، انہوں نے آر او کو زد و کوب کیا، پولیس وہاں تماشائی بنی تھی، رینجرز نے صورتحال پر قابو پایا، یہ بیلٹ پیپر چھیننے آئے تھے، رینجرز کے پہنچنے کے بعد آر او کی جان بچی ہے، ہمیں نہیں پتہ کتنے باکس بیلٹ پیپر چھینے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے پیپلز پارٹی کے لوگ اپنے مسلح دہشتگردوں کے ساتھ نظر آ رہے ہیں، بیلٹ پیپرز کو چھینتے ہوئے ان کو ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، این اے 235 کے آر او کو سکیورٹی فراہم کی جائے ان کی جان کی حفاظت کی جائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آواز لگا کر کہنا چاہتا ہوں کہ الیکشن کو متنازع ہونے سے بچایا جائے۔