نواب شاہ: (دنیا نیوز) سندھ کے حلقوں این اے 207، پی ایس 36 اور پی ایس 39 سے آزاد امیدواروں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کیں اور پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے زرداری ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران پی ایس 39 سے آزاد امیدوار محمد اسماعیل ڈاہری نے آصف علی زرداری کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر سابق صدر مملکت نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
محمد اسماعیل ڈاہری نے کہا کہ آصف زرداری میرے والد کی طرح ہیں اور اپنے حلقے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی بھرپور حمایت کروں گا، ملاقات کے موقع پر سابق ایم این اے سید غلام مصطفی شاہ، حاجی علی حسن زرداری، آفتاب مگسی اور دیگر رہنما موجود تھے۔
دوسری جانب بینظیر آباد کے حلقوں این اے 207 سے آزاد امیدوار شاہد قریشی اور پی ایس 36 سے آزاد امیدوار اعظم قریشی نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کیں اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے آصف قریشی، زاہد آرائیں، وقار قاضی اور آصف خان نے بھی سابق صدر سے ملاقات کی، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والے دوستوں اور حمایت کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔
— PPP (@MediaCellPPP) February 7, 2024
بینظیر آباد :… pic.twitter.com/NuILfgRPYG