لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، پاکستان میں ووٹوں کے لحاظ سے سب سے بڑے اور سب سے چھوٹے لاہور کے 2 حلقے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اعدادوشمار کے مطابق قومی اسمبلی کا لاہور کا حلقہ این اے 118 رجسٹرڈ ووٹرز کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں کی آبادی 9 لاکھ 65 ہزار 233 جبکہ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار 407 ہے، لاہور کا ہی حلقہ این اے 124 پاکستان کا سب سے چھوٹا حلقہ ہے جہاں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 292 ہے۔
مری اور راولپنڈی کے علاقوں پر مشتمل حلقہ این اے 51 دوسرا بڑا حلقہ ہے جہاں ووٹوں کی تعداد 7 لاکھ 16 ہزار 648 جبکہ آبادی 8 لاکھ 53 ہزار 499 ہے، تیسرے نمبر پر بلوچستان کا حلقہ این اے 255 ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز 5 لاکھ 27 ہزار 178 ہیں، اس کے علاوہ ملک میں 10 کے قریب حلقے ایسے ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 69 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو 2018ء کے انتخابات میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی، موجودہ الیکشن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 72 ہزار 14 جبکہ مرد ووٹرز 6 کروڑ 85 لاکھ 8 ہزار258 ہیں۔
پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 23 لاکھ 10 ہزار 582 اور سندھ میں یہ تعداد 2 کروڑ 66 لاکھ 51 ہزار 161 ہے، خیبرپختونخوا میں 2 کروڑ 16 لاکھ 92 ہزار 381 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 52 لاکھ 84 ہزار 594 ہے، اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 41 ہزار 554 ہے۔
ملک میں 18 سے 35 سال عمر کے ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 70 لاکھ 95 ہزار 197، 36 سے 45 سال کے ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 77 لاکھ 94 ہزار 708 جبکہ 46 سے 55 سال کے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 81 لاکھ 24 ہزار 28 اور 56 سے 65 سال کے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ 89 ہزار 259 ہے، ملک میں 66 سال سے زائد عمر والے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ 77 ہزار 80 ہے۔