2024ء میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے 4 کروڑ زیادہ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے

Published On 08 February,2024 06:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، الیکشن کمیشن کی جانب سے 859 انتخابی حلقوں کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جن کیلئے 800 ٹن سپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا جبکہ موجودہ انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں اور ان کی چھپائی پر دو ہزار 170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے جس کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہے جو کہ 2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی تعداد کے اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق پاکستان کے کل ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے جن میں 5 کروڑ 59 لاکھ 25 ہزار 940 نوجوان ووٹرز ہیں جو کل ووٹرز کا 43.85 فیصد بنتا ہے، ان ووٹرز کی عمر 18 سے 35 سال تک ہے، نوجوان ووٹرز میں 53.87 فیصد مرد اور 6.13 فیصد لڑکیاں شامل ہیں۔

انتخابات میں ایک کروڑ 22 لاکھ 43 ہزار477 وہ نوجوان ہیں جو پہلی بار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں، یہ کل ووٹرز کا 9.60 فیصد ہیں، واضح رہے پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے والوں کی شرح ہمیشہ سے کافی زیادہ رہتی ہے، سال 2018ء کے انتخابات میں 5 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 536 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا جو کُل ووٹرز کا 52 فیصد تھا۔