لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق آج ہونے والے عام انتخابات 2024ء میں مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کے 6 ہزار 31 جبکہ 11 ہزار 785 آزاد امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر انتخابات لڑ رہے ہیں جبکہ 882 خواتین بھی انتخابی عمل کا حصہ ہیں، قومی اسمبلی کے 266 حلقوں میں اوسطاً 19 امیدوار فی حلقہ حصہ لے رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے پانچ ہزار 121 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں چار ہزار 807 مرد اور 312 خواتین شامل ہیں، سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر 1873 امیدوار جنرل نشستوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جن 1780 مرد اور 93 خواتین کو ٹکٹ جاری ہوئے ہیں جبکہ 3248 امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات لڑ رہے ہیں، ان میں 3027 مرد اور 219 خواتین امیدوار شامل ہیں۔
بلوچستان کے ضلع جعفر آباد، اوستہ محمد اور نصیر آباد پر مشتمل حلقہ این اے 255 میں سب سے زیادہ 46 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، دوسرے نمبر پر فیصل آباد کا حلقہ این اے 103 ہے جہاں 45 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 سے 44 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ 5 حلقے ایسے ہیں جہاں 40 سے زائد امیدوار انتخابی عمل کا حصہ ہیں۔
این اے 102 فیصل آباد اور این 219 کراچی سے 40، 40 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے حلقہ این اے 41 سے 39، اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے، کراچی کے حلقہ این اے 232 اور 241 سے 38، 38 امیدوار انتخابی معرکہ سر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 7 حلقے ایسے ہیں جہاں پر امیدواروں کی تعداد 10 سے بھی کم ہے، بونیر کے حلقہ این اے 8 اور این اے 10، این اے 14 مانسہرہ سے 8، 8 امیدوار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔
سوات کے حلقہ این اے 2، سندھ کے حلقوں این اے 194، این اے 195، اور این اے 199 سے 9، 9 امیدوار انتخابی عمل کا حصہ ہیں، این اے 154 لودھراں اور این اے 178 مظفر گڑھ سے 10، 10 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔