لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
عام انتخابات کے حوالے سے اپنے پیغام میں اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کے 144 قومی اور 297 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 تا 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 7 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار 972 رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے 51 ہزار پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں، شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اعجاز انور چوہان کا مزید کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ووٹرز کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام کنٹرول رومز فعال ہیں۔