لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کا معاملہ، گزشتہ رات سابق صدر آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی دنیا نیوز سامنے لے آیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر ان کی رہائش گاہ پر شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی، ملاقات سے قبل دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے الیکشن کمپین میں تنقید پر گلے شکوے کئے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے شکوہ کیا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ن لیگ پر بے جا تنقید کی جس پر سابق صدر آصف زداری نے کہا کہ وہ الیکشن کا حصہ تھا اس کو ختم کیا جائے۔
آصف زرداری نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آپ بھی تو جلسوں میں پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے رہے ہیں، اب ہمیں حکومت سازی کے لیے معاملات کو طے کرنا چاہئے ،جمہوریت میں استحکام کے لئے مل کر فارمولا طے کرنا ہو گا ۔