کوئٹہ: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام نے قلات کے علاقے جوہان کے 7پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا۔
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کو تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کیا تھا، قائد جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان نے 14 فوری کو مرکزی عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔
مولاناعبدالغفورحیدری نے کہا کہ بلوچستان کی سطح پر ہمارے حلقوں میں ہمیں ہرایا گیا ہے، شاید 2018ء میں بھی ایسا نہیں کیا گیا، قلات، مستونگ کم سوراب سے قومی اسمبلی سے الیکشن میں کامیابی حاصل کی، قلات میں جوہان کے علاقے میں 7 پولنگ سٹیشن میں مکمل پولنگ نہیں ہوئی۔
جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پی بی 36 قلات سے میر سعید لانگو کی جیت کو ہار میں بدل دیا، نتائج تبدیل کئے گئے، قلات کے علاقے جوہان میں ری پولنگ کا مطالبہ کرتے ہیں، بلوچستان میں جے یوآئی کا حجم کم کیا گیا ہے، لاڑکانہ میں ہمارے پرامن احتجاج پر گولیاں چلائی گئیں۔
میر سعید لانگو نے کہا کہ پی بی 36 قلات کے 7 پولنگ سٹیشن متنازعہ ہیں، پی بی 36 قلات میں ایک بار فارم47 جاری ہونے کے بعد دوبارہ فارم 47 جاری ہونا غیر قانونی ہے، قلات کے علاقے جوہان کے 7 پولنگ سٹیشنوں میں ری پولنگ کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں الیکشن کو مذاق بنادیا گیا ہے، صبح ایک جیتا ہے شام کو دوسرا،عجیب صورتحال بنی ہوئی ہے۔