اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کی بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی پر بڑا سوال اٹھا دیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیا 9 مئی سانحہ میں ملوث شخص وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا امیدوار بن سکتا ہے؟ کیا 9 مئی جیسے بڑے سانحہ میں ملوث کرداروں کو ایسے نوازا جائے گا؟ علی امین گنڈا پور کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور میاں اسلم کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی بڑے سوالیہ نشان ہیں۔
مرکزی ترجمان پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر ایسی صورتحال رہی تو کل 9 مئی میں ملوث شخص وزیراعظم کا امیدوار بھی ہوسکتا ہے؟ ہمیں تو کہا گیا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور ملوث افراد سے نمٹا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر ایسی ہی صورتحال رہی تو پھر سانحہ 9 مئی کیس پر نظر ثانی کرلی جائے۔