اسلام آباد:(دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس اور پروڈکشن درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں سول جج مرید عباس نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئےاوراستدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت ریاست کی حراست میں ہیں انہیں پیش کیا جائے۔
سول جج مرید عباس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی پہلی درخواست تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو سکیورٹی خدشات ہیں وہ پیش نہیں ہو سکتے۔
وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ درخواست گرفتاری سے قبل دی گئی تھی،اُن حالات میں بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو شدید خطرات لاحق تھے۔
سول جج مرید عباس نے کا مزید کہنا تھا کہ پھر آپ کی پہلی پروڈکشن والی درخواست پر فیصلہ کر دیتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی پیشی کے لئے سمن جاری کر دیتے ہیں۔
خالد یوسف چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اب بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، عدالت انہیں حکم جاری کرے کہ بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا جائے۔
بعد ازاں سول عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی پروڈکشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔