فردوس عاشق کیخلاف پولیس اہلکار کو تھپڑمارنے کے کیس کا فیصلہ محفوظ

Published On 15 February,2024 11:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے رہنما استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق کیخلاف پولیس اہلکار کو تھپڑمارنے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

الیکشن کمیشن میں فردوس عاشق اعوان کی پولیس اہلکار کو طمانچہ رسید کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار دورانی اور ممبر بلوچستان محمد شاہ جتوئی نے کی ۔

کیس کی سماعت کے دوران رہنما آئی پی پی فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگتے ہوئے تحریری جواب جمع کرادیا۔

ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی نے دوران سماعت فردوس عاشق اعوان نے استفسار کیا کہ آپ کون ہوتی ہیں قانون ہاتھ میں لینے والی ؟ میرے حلقے میں 381پولنگ اسٹیشنز تھے یہ واقعہ کہیں اور نہیں ہوا۔

فردوس عاشق اعوان کا اپنے جواب میں کہنا تھا کہ جس پولنگ سٹیشن پر واقعہ پیش آیا وہاں ٹھپے لگ رہے تھے اور عجیب سا ماحول بنا ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو ہوا غلط ہوا میں اس پر معافی مانگتی ہوں، قانون کاکام تھا مجھے تحفظ دیتا ہجوم مجھے ہراساں کررہا تھا اور پولیس تماشائی بنی ہوئی تھی، میں پھر بھی اپنے رویے پر معذرت کرتی ہوں۔

ممبر سندھ نثار دورانی نے تحریری جواب جمع کرانے کے بعد فردوس عاشق اعوان کے پولیس اہلکار کوتھپڑمارنے سے متعلق کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Advertisement