عون چودھری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست کی سماعت میں وقفہ

Published On 15 February,2024 10:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے مرکزی رہنما عون چودھری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست کی سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔

این اے 128 لاہور میں عون چودھری کی کامیابی کے خلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق کا سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء سے دلچسپ مکالمہ ہوا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ارشد صاحب مجھے یقین ہے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن سے پہلے آپ سے مشورہ نہیں کیا ہو گا، الیکشن کمیشن میں ان کی درخواست زیر التوا ہے تو پہلے اس پر فیصلہ کر لیتے۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن ان کی درخواستیں سن کر اگر ان کے حق میں فیصلہ کردیتا ہے تو؟ جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان نے جواب دیا کہ تو پھر الیکشن کمیشن درستگی کردے گا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے کیس میں کانسالیڈیشن ہوئی ہی نہیں، عدالت نے سوال کیا کہ جب لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو نوٹس کر کے کانسالیڈیشن کریں تو یہ ہوا؟

ڈی جی لا الیکشن کمیشن ارشد خان نے کہا کہا یہ میرے علم میں نہیں، میں معلوم کر کے بتا سکتا ہوں۔

چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے کہا کہ ارشد صاحب جسٹ ریلیکس! آپ کو پانی چاہیے؟ آپ کمیشن سے ہدایات لے لیں، پھر اس کیس کو 2 بجے کے بعد رکھ لیتے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے عون چودھری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست کی سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کر دیا۔