کراچی: (دنیا نیوز) انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم عدالت بھی گئے، یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، ہم اس رزلٹ اور جعل سازی کو نہیں مانتے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان والے بینرز پر نجانے کس کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ عوام نے جن لوگوں کو مسترد کر دیا تھا کراچی میں ایک مرتبہ پھر ان کو مسلط کروا دیا گیا ہے، ایم کیوایم نے دھونس دھمکی سے ووٹ لیے، ہم اس عمل کوملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 12 فروری کو حافظ نعیم الرحمٰن نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ فارم 45 کے مطابق سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 129 پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سیف باری نے جیتی، ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، اتنا ظرف رکھتا ہوں سیٹ نہیں لوں گا، اپنا جائز حق چاہیے۔