اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے کام کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس کی ٹرانسکرپٹ کیلئے پیمرا کو خط لکھ دیا۔
راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا بیان قلمبند کرانے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے تحریری بیانات جمع کروا دیئے ہیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی نفی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق کمشنر کے الزامات: راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران طلب
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کئے جا رہے ہیں، انکوائری کمیٹی کل صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کرے گی۔
یاد رہے کہ 17 فروری کو کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نگران حکومت نے الیکشن کروانے کیلئے لگوایا گیا تھا، الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا، استعفیٰ دیتا ہوں۔
کمشنر راولپنڈی نے دعویٰ کہ میں ڈیوٹی ٹھیک سے نہیں کر سکا، قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے نتائج تبدیل کئے گئے، ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا۔
ان کے الزامات منظر عام پر آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے الزامات کی چھان بین کیلئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا تھا۔