جے ڈی اے اور جے یو آئی دھرنے دیکر اپنی ناکامیوں پر پردے ڈال رہی ہیں: نثار کھوڑو

Published On 20 February,2024 07:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ جی ڈی اے اور جے یو آئی دھرنے دے کر اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے فیس سیونگ کر رہی ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ جی ڈی اے اور جے یو آئی کے سندھ میں انتخابی جلسوں سے مولانا فضل الرحمان اور پیر پگاڑا غائب رہے، مولانا فضل الرحمان طوفان عکس کانفرنس تو کر رہے تھے مگر سندھ میں انتخابی جلسوں سے غائب رہے، پیر پگاڑا نے تو انتخابات کے دوران اپنے امیدواروں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا تھا تو اب دھرنے کس لئے دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ سے نہ پہلے کبھی جیتی تھی نہ اب جیتی ہے تو پھر دھاندلی کے الزام لگا کر دھرنے کیوں دیئے جا رہے ہیں، راشد محمود سومرو اپنی ناکامی پر مولانا فضل الرحمان کو صرف جلسے کرکے دکھانا چاہتے ہیں تو جلسے کرتے رہیں، جی ڈی اے کے دھرنے عوام کے فیصلے کے خلاف ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ جی ڈی اے اور جے یو آئی عوام کی توہین بند کرے، جی ڈی اے اور جے یو آئی کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن اور عدالتوں میں پیش کریں، عوام کے خلاف احتجاج سندھ کی عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کی عوام نے جی ڈی اے اور جے یو آئی کو رد کیا ہے تو دھرنے دے کر عوام سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ نہ لیا جائے، عوام کے خلاف غیر جمہوری سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی اور نئی بننے والی حکومت 5 سال کی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں چوتھی مرتبہ حکومت بنانے جا رہی ہے، جی ڈی اے 58 ٹو بی چاہتی ہے جو کہ آئین میں اب نہیں ہے، اس لئے 18 ویں ترمیم ان کی آنکھ میں کانٹا بن کر چبھ رہی ہے، ملک غیر جمہوری نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لئے پیپلزپارٹی نے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کو وجود میں لانے کے لئے کردار ادا کیا۔