اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مذاکرات کا پانچواں دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد دوسرے راؤنڈ کیلئے واپس نہ آیا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اگلی نشست کل ہوگی۔
ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ کل دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان حکومت سازی کے بارے میں معاملات طے پا جائیں گے اور معاہدہ ہو جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے، کل صبح دوبارہ نشست ہو گی، کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کے حوالے سے کچھ چیزیں پہلے سے طے شدہ ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اسلام آباد سے مری چلے گئے جہاں ان کا تقریباً ایک ہفتے تک قیام کا امکان ہے، اسلام آباد اور مری میں قیام کے دوران رواں ہفتے میں نواز شریف کی آصف علی زرداری سے ملاقات کا امکان ہے۔