اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مزید دو الیکشن ٹریبونلز کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عذرداریوں سے متعلق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کی شکایات سے متعلق ٹریبونلز قائم کئے، خیبرپختونخوا میں 5 الیکشن ٹریبونلز قائم کیے گئے ہیں۔
ای سی پی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ٹریبونل قائم کر دیا، خیبرپختونخوا میں پہلا ٹریبونل جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل ہے۔
جسٹس محمد نعیم انور مینگورہ ٹریبونل میں درخواستوں کی سماعت کریں گے، ایبٹ آباد سے متعلق شکایات جسٹس اعجاز خان پر مشتمل ٹریبونل سنے گا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریبونل جسٹس فصل سبحان پر مشتمل ہے، خیبرپختونخوا کا پانچواں ٹریبونل جسٹس کامران حیات پر مشتمل ہے، الیکشن کمیشن اس سے قبل سندھ اور بلوچستان کے لئے الیکشن ٹریبونل قائم کر چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں انتخابی ٹریبونل کے لئے نام اب تک موصول نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن نے پنجاب میں الیکشن ٹریبونل کے قیام کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو دوبارہ خط لکھ دیا۔