ٹانک: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پولنگ سٹیشن کے باہر پولیس بکتر بند گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے، کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی کئی گھنٹوں سے بند ہے جس سے انتخابی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
این اے 43 کے 6 پولنگ سٹیشنز پر الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد آج 19 فروری کو پولنگ کی جا رہی ہے، آزاد امیدوار داور کنڈی کو کامیاب قرار دینے کے بعد مفتی اسعد محمود نے ری پولنگ کی اپیل کی تھی، کوٹ اعظم اور دیگر علاقوں میں این اے 43 کے 6 پولنگ سٹیشنز پر 8 فروری کے روز شدت پسندوں کے حملوں کی وجہ سے پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔
8 فروری کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور کنڈی کو کامیاب قرار دیا گیا تھا، انجینئر داور کنڈی خان کا مقابلہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فرزند مفتی اسعد محمود کے ساتھ ہے، 8 فروری کے الیکشن میں داور کنڈی نے 63556 اور مفتی اسعد 62730 ووٹ حاصل کئے تھے۔