لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 کے ریٹرننگ افسر سے ریکارڈ طلب کر لیا
ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی اور ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے این اے 128 انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کی، آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کمیشن میں پیش ہوئے۔
سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ فارم 47،45 اور48 کی چھان بین کی جائے، ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا امیدواروں کی موجودگی میں فارم 47 تیار کیا جائے، ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود مجھے نہیں بلایا گیا اور فارم تیار کیا گیا۔
آزاد امیدوار نے کمیشن ممبران سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اصلی فارم 45 منگوالیں تو سب سمجھ آ جائے گا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 128 کے ریٹرننگ افسر سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔