اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ موجودہ انتخابات کو دیکھ کر لوگ 2018ء کے الیکشن بھول گئے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بظاہر بڑی جماعتیں بن کر سامنے آئی ہے وہ مرکز میں حکومت بنانے سے کترا رہی ہیں، مسلم لیگ ن کے اندر یہ بات چل رہی ہے کہ وفاق میں حکومت نہیں بنانی چاہئے، پیپلزپارٹی تمام آئینی عہدے مانگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ذمہ داری لینے کیلئے تیار نہیں ہے، ان جماعتوں میں ہمت نہیں کہ چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں، ان انتخابات میں زیادہ تر سلیکٹڈ لوگ آئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کو تاریخ یاد رکھنی چاہئے دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں ہم سولہ سترہ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ ان انتخابات میں طالب علموں نے ووٹ دیا تھا یا کسی اور نے؟ بلاول بھٹو اپنی جعلسازی اور ٹھپے ماری کو مدرسے کے طالبعلموں سے تشبیہ نہ دے۔