کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے آزاد نومنتخب رکن اسمبلی اسفند یار کاکڑ اور لیاقت لہڑی نے پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔
نومنتخب رکن بلوچستان اسمبلی اسفند یار کاکڑ نے بتایا کہ اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی، آزاد رکن مولوی نوراللہ حکومت سازی میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے، تین آزاد ارکان میں سے دو مزید بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے۔
اسفند یار نے مزید بتایا کہ دو اراکین کی شمولیت اور ایک آزاد رکن کی حمایت سے پیپلزپارٹی کو حکومت سازی کے لئے 13 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی۔
واضح رہے کہ 11 ارکان کے ساتھ نواز لیگ بلوچستان اسمبلی میں دوسری بڑی جماعت ہے، 10 ارکان اسمبلی کے ساتھ جمیعت العلماء اسلام بلوچستان اسمبلی میں تیسری بڑی جماعت ہے۔