کرک: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہیم خان نے کہا کہ احتساب سے کوئی بھی مبرا نہیں سب سے پہلے خود کو پیش کرتا ہوں۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہیم خان نے جوڈیشل کمپلیکس میں بیچلر ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقویٰ داری سب سے بڑی دولت ہے، ججز کو تقویٰ دار ہونا چاہئے، کرک بار کے لئے ڈیجیٹل لائبریری جلد قائم ہوگی، پشاور ہائیکورٹ نے 900 کے قریب پنجاب اور دیگر صوبوں کے کیسز سنے ہیں۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ ویڈیو لنک سے ساری کورٹس کو منسلک کرنے جارہے ہیں، وکلاء کو درپیش مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، ججز وکلاء اور سائلین کی خصوصی عزت کیا کریں۔
چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے کہا کہ سائلین کی بدولت عدالتیں آباد رہتی ہیں، سیاسی معاملات کے باعث پولیس اور عدالتوں میں دوری پیدا ہوئی تھی جس کو ختم کریں گے، پولیس کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں، کوشش کریں گے کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے اور کوئی گناہگار سزا سے نہ بچ سکے۔