کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کر دیا۔
سید صدرالدین شاہ راشدی سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور فراڈ الیکشن پر باہمی تعاون کے حوالے سے غور کیا گیا۔
سردار عبدالرحیم سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے کے مطابق جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا، ملاقات میں جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینیٹر سید صدر الدین شاہ راشدی نے رہنماؤں کو جی ڈی اے کے 23 فروری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔
رہنماؤں کا ملاقات میں اس بات پر غور ہوا کہ اپوزیشن کی سخت گیر تحریک کی وجہ سے حکومت اور الیکشن کمیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس برائے حلف برداری کا اعلان اچانک کردیا جائے، اس صورت میں عوام اور تمام جماعتوں کے کارکن اس دن سندھ بھر میں سخت احتجاج کریں گے۔
ملاقات میں طے پایا کہ 23 فروری کے اجلاس میں اس حوالے سے غور کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔