کراچی: (دنیا نیوز) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے عام انتخابات کے حوالے سے بیان پر جماعت اسلامی کا موقف بھی سامنے آگیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خدشات، حقائق اور مطالبات واضح طور پر سامنے آگئے ہیں، عام انتخابات 2024ء الیکشن نہیں قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے، جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لیے اسے 15 قومی اور 25 صوبائی سیٹیں دے دی گئیں، جنہوں نے بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کو کراچی پر مسلط کیا وہ کراچی، پاکستان دشمنی کے مرتکب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ وہ عدلیہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی بنائیں، فارم 45 کے مطابق تحقیقات کروائیں، فارم 45 کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے، ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن بھی دائر کر دی ہے، جماعت اسلامی ہر اس پارٹی کے ساتھ مل کر سراپا احتجاج ہے جن کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے عوام ، پاکستان کی جمہوریت اور پاکستان کے مستقبل کو بچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ فارم 47 کے مطابق نتائج جاری ہوں، اندرون سندھ میں زبردست دھاندلی کی گئی، آر او اور حکومتی مشینری نے عوامی مینڈیٹ کو کچل کر رکھ دیا، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا ضمیر جاگا ہے جس کے نتیجے میں انہوں نے حقائق سے آگاہ کیا، کراچی میں بھی کسی کا ضمیر جاگنا چاہئے، ہم سب کو بے نقاب کریں گے جنہوں نے زبردستی ایسی پارٹیوں کو ہم پر مسلط کیا ہے۔