کراچی: (دنیا نیوز) 16 ویں سندھ اسمبلی میں پہلی بار منتخب ہونے والے ارکان سب سے زیادہ تعداد میں ہیں۔
سندھ اسمبلی میں جنرل و مخصوص نشستوں پر منتخب 60 ارکان پہلی مرتبہ ایوان کا حصہ بنے ہیں، جنرل نشستوں پر پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی رکن بننے والے 48 میں سے 46 ارکان قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن رہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے عبدالوسیم قومی اسمبلی، پیپلزپارٹی کے محمد یوسف بلوچ سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں، قائم علی شاہ، نادرمگسی آٹھویں مرتبہ تاریخی سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، پیپلزپارٹی کے 87 میں سے 25 ارکان پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی پہنچے ہیں۔
قائم علی شاہ واحد سیاستدان ہیں جو بلدیاتی کونسل، قومی اسمبلی، سینیٹ، صوبائی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں، ایم کیو ایم کے 25 ارکان پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہو رہے ہیں۔
آغا سراج درانی ساتویں، سہراب سرکی چھٹی مرتبہ تاریخی سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، سندھ اسمبلی کے 10 ارکان پانچویں مرتبہ ایوان کا حصہ بن رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی ہیرسوہو واحد خاتون رکن ہیں جو 5 ویں مرتبہ سندھ اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔