کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن میں پی پی کارکنوں کو شہید کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران ہمارے کارکن شہید ہوئے، الیکشن کے دوران پی پی یا کسی بھی سیاسی جماعت کے سیاسی ورکر پر حملہ کرنے والوں کو ہم پکڑیں گے، قانونی طور پر شہدا کے خاندانوں کو انصاف دلائیں گے، الیکشن کے دوران جو کچھ ہوا افسوسناک ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم بلیک میل نہیں ہوں گے، ہم اپنے کارکنوں کو انصاف دلائیں گے، ہم ان کیسز میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنائیں گے، کسی جماعت کا پرچم ہٹانا پیپلزپارٹی کی سیاست نہیں، بچے نے پرچم ہٹایا یہ اس کی سزا تو نہیں کہ گولی مار دی جائے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں دھاندلی کے بغیر جیت نہیں سکتیں وہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کر رہی ہیں، الزام لگانا ہے تو ثبوت بھی لائیں، بتائیں تو سہی کون سی نشست پر دھاندلی ہوئی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کیا میری لاڑکانہ کی سیٹ پر دھاندلی ہوئی ہے؟ ہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کریں گے، اپنے ووٹوں کے حق پر ڈاکے اور کارکنوں کی شہادت پر ڈیل نہیں کروں گا۔