لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے غربت، بیروزگاری اور جہالت کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں نامزد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے، معاشی استحکام کیلئے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی، سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوں گے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام اور پُرامن فضاء بے حد اہمیت کی حامل ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان تبھی خوشحال ہوگا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی، تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی معاشی ترقی و استحکام کی روشن مثال قائم کی اور اب بھی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے عملی و ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، زندہ قومیں چیلنجز اور مشکلات کا سامنا بہادری اور محنت سے کرتی ہیں، ہم باہم متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور مسائل حل کریں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے کی بچت کر کے کفایت اور بچت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، نواز شریف کا دور ترقی و خوشحالی کا سنہری دور تھا، قائد عوام کی مدبرانہ قیادت میں ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔