اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی، کل سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر بلوچستان کے مغربی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے اور اگلے 36 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے، ایک اورطاقتور مغربی لہر کل مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے،جو یکم مارچ کو بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور 3 مارچ تک برقرار رہ سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یکم مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، تاہم شمالی اور جنوب مغربی بلوچستان، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ2مارچ کو بلوچستان، جنوبی پنجاب،خیبرپختونخوا ،بالائی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔