آزاد جمہوں و کشمیر میں بارش اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کی رپورٹ جاری

Published On 22 February,2024 08:02 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے بارش اور برفباری سے متاثرہ آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں کی صورتحال بارے تازہ رپورٹ جاری کر دی۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقے کیل ، لیپا ویلی ، حاجی پیر اور پیر چناسی شاہراہ بند ہے، شاہراہ نیلم کیل تک بحال، کیل سے تاؤ بٹ بند ہے، برفباری سے بند شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع کوٹلی میں شدید بارشوں کے باعث 6 رہائشی گھر 2 دکانیں اور تین سکول متاثر ہوئے ہیں، جہلم ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچا ہے، مزید 6 گھروں کے نقصان کا خدشہ ہے، متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق ماہ جنوری 2024ء سے اب تک مجموعی طور پر تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں، ماہ جنوری سے اب تک 7 گھر مکمل جبکہ 37 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، 4 مویشی باڑے، 3 دکانیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ برفباری کے دوران 4 اضلاع کی بالائی رابطہ سڑکیں بند ہیں، وادی لیپا کی مرکزی شاہراہ بھی گلی کے مقام سے بند ہے۔