کراچی: (دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سٹریٹ کرائم کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہوں، چاہتا ہوں امن و امان پر خصوصی توجہ دیکر صورتحال بہتر کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر اور دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلی ذمے داری عوام اور ان کے املاک کی حفاظت ہے، کچھ عرصے سے کچے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لوگ کاروبار یا نوکری پر جائیں تو ان کا خاندان پریشان نہ ہو، اگر بچے سکول جائیں تو والدین پریشان نہ رہیں، امن و امان پر خصوصی توجہ دیکر صورتحال بہتر کی جائے۔