آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کی شہید ایس پی اعجاز خان کے گھر آمد، خراج تحسین پیش کیا

Published On 29 February,2024 07:39 pm

پشاور: (دنیا نیوز) آرمی چیف کے احکامات پر آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ شہید ایس پی اعجاز خان کے گھر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل نورولی خان نے شہید ایس پی اعجاز خان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، آئی جی ایف سی نے شہید کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی، ایس پی اعجاز خان مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہو گئے تھے۔

آئی جی ایف سی نے کہا کہ شہید ایس پی اعجاز خان ایک دلیر اورمحب وطن پولیس افسر تھے، آئی جی ایف سی نے پاک فوج کی جانب سے شہید ایس پی کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج شہید ایس پی اعجاز خان کی بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گی۔

آئی جی ایف سی نے ریجنل پولیس آفس مردان کا بھی دورہ کیا، 27 فروری کو دہشتگردوں کے ساتھ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔

میجر جنرل نورولی خان نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلوں کو متزلزل نہیں کرسکتے۔