اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کیخلاف قرارداد پیش کر دی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے پیش کی۔
قرار داد میں سینیٹر افنان اللہ کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لئے شرم کا مقام ہے کہ مسلم ممالک کی افواج ہیں مگر ہم مظلوم فلسطینی بھائیوں کو کھانا نہیں پہنچا سکتے، یہ پوری دنیا بالخصوص مسلم ممالک کے لئے شرم کا مقام ہے۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ اس وقت غزہ میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، لوگ جس جگہ سر چھپانے کی کوشش کرتے ہیں اسرائیل بمباری کرتا ہے، اسرائیلی فوجی شہداء کی باڈیز کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں۔
پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ایک فوجی نے اس پر اپنے آپ کو زندہ جلا دیا، افسوس ہے ہم پاکستان میں ایک بھی مظاہرہ نہیں کر سکے۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ مسلمان اربوں روپے کی زکوٰۃ ادا کرتے ہیں مگر غزہ کے لئے خوراک نہیں ہے، خدا کرے عرب ممالک کے تیل کے کنویں خشک ہوجائیں۔