عوام کی نظریں سپریم کورٹ کے بجائے پارلیمان پرہونی چاہیئں: چیف جسٹس

Published On 06 March,2024 04:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کے ریٹائرڈ ہونے والے جج سردار طارق مسعود کے اعزاز میں پاکستان بار کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ جسٹس سردار جیسا سینئر ملا، جسٹس طارق مسعود نے ہمیشہ انتظامی اور قانونی درست مشورے دیئے، پاکستانی عوام کی نظریں سپریم کورٹ کے بجائے پارلیمان کی جانب ہونی چاہیئں۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے مزید کہا ہے کہ پارلیمان ہی ہے جس نے آئین بنایا، عوام کے نمائندوں کے فیصلے پائیدار ہوتے ہیں، پارلیمنٹ کے قانون کو ہمیشہ سراہا جانا چاہیے اگر وہ آئین اور بنیادی حقوق سے متصادم نہ ہوں، پارلیمان میں بحث سے مشترکہ فیصلوں کی روایت بہترین ہے۔

جسٹس سردار طارق مسعود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شاندار تقریب پر وکلاء اور کونسل کے عہدیداروں کا تہہ دل سے مشکور ہوں، ہمیشہ کوشش کی کہ وکلاء کو سن کر فیصلہ کیا جائے، یہاں ہم نے بطور وکیل یہ بھی دیکھا کہ دلائل کیلئے کھڑے ہو رہے ہوتے تھے کہ ڈس مس کی آواز آ جاتی تھی۔

احسن بھون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس سردار طارق مسعود فوجداری کے بہترین جج ہیں، چیف جسٹس کے اختیارات کمیٹی کو منتقل کرنے کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ہجوم کی نفسیات کی بجائے ہمیشہ آئین و قانون کی پاسداری کی اور اختیارات پارلیمنٹ کو دے دئیے۔