اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کیخلاف صدارتی ریفرنس پر رائے آج سنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کیخلاف صدارتی ریفرنس پر آج رائے سنانے کیلئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ نے گزشتہ روز صدارتی ریفرنس پر رائے محفوظ کی تھی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تمام معاونین نے کورٹ کی ٹرائل پر توجہ دلائی، عدالت میں انٹرویوز بھی چلائے گئے، دوران سماعت ثابت ہوا کہ مذموم مقاصد کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو کیخلاف سازش کی گئی، ہم ایک اچھے فیصلے کے منتظر ہیں، عدالتی فیصلہ دنیا کو بتائے کہ عدالت کا نظام جاگ رہا ہے۔