صدارتی انتخاب: آصف زرداری کو 366 ووٹ ملیں گے: بلاول بھٹو کو بریفنگ

Published On 05 March,2024 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی کی کمیٹی برائے صدارتی مہم کے اراکین نے ملاقات کی۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے صدارتی مہم کمیٹی کے اراکین سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر نے ملاقات کی، کمیٹی نے چیئرمین پی پی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار کو مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق کے امیدواروں کی حمایت حاصل ہوگئی۔

بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی کی کمیٹی برائے صدارتی مہم کے اراکین نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار کو بلوچستان عوامی پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی بھی حمایت حاصل ہوگئی، صدارتی انتخاب کیلئے پی پی پی کا نمبر گیم پورا ہوگیا، آصف زرداری کو 366 ووٹ ملیں گے۔

پیپلزپارٹی کی کمیٹی برائے صدارتی مہم کے اراکین کی ملاقات کے موقع پر شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، سید غلام مصطفیٰ شاہ اور چودھری منظور بھی موجود تھے۔