حیدرآباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت کو بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تمام اراکین سندھ اسمبلی اور منتخب بلدیاتی نمائندے رین ایمرجنسی میں اپنا فعال کردار ادا کریں، پی ڈی ایم اے سندھ کے بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ممکنہ برسات کے پانی کی فوری نکاسی کے ساتھ ساتھ انتظامیہ سندھ کے بڑے شہروں میں ٹریفک کے بہتر انتظامات کرے تاکہ شہری اپنی منزل پر فوری پہنچ سکیں، سندھ بھر کے شہری ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر غیرضروری طور پر سفر سے بھی گریز کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سندھ میں ممکنہ تیز رفتار برسات کے پیش نظر سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تقریبات میں آنے والے زائرین کا خصوصی دھیان رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جھل مگسی اور خضدار کے پہاڑی سلسلے سے سندھ میں ممکنہ طور پر آنے والی برسات کے پانی کے نکاس کا پیشگی انتظام کیا جائے۔