پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پشاورہ کا دورہ کیا، انہوں نے خیبرپختونخوا کے طوفانی بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 23 فروری کو طوفانی بارشوں سے خیبرپختونخوا میں تباہی ہوئی، سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا،اس سے زیادہ مصیبت کی گھڑی نہیں ہوسکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج آپ لوگوں سے اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں، متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے 40 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے، آپ کی داد رسی کے لیے حاضر ہوا ہوں، بطور پاکستانی اپنا فرض ادا کرنے آیا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اہلکاروں، پی ڈی ایم اے کے اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں، وفاقی حکومت متاثرین کی ہرممکن مدد کرے گی، یہ قدرتی آفت ہے، ہمارے بس سے باہر ہے، بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے، پہلےبھی بدترین طوفان آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لیے صوبائی حکومت، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والی آفات کے لیے ہمیں تیار رہنا پڑے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے پتا چلا ہے صوبائی حکومت نے خوراک کے لیے بڑا اچھا انتظام کیا ہے، 11 مارچ کو متاثرین کے گھروں میں چیک پہنچ جائیں گے۔
شہباز شریف نے بارش اور برفباری سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، زخمیوں کو 5 لاکھ امداد دیں گے۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ مکمل تباہ گھروں کے مکینوں کو 7 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ جزوی متاثر ہونے والے گھروں کے مکینوں کو 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، اس ومقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے بارشوں اور برفباری کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔