اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری پر عمل درآمد کے لئے حتمی شیڈول طلب کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سستی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، شفافیت کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے ایف بی آر کی آٹو میشن کے نظام کے مجوزہ روڈ میپ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وقت کے واضح تعین کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی نظام کی اصلاح، حکومتی اخراجات میں کمی لانے کیلئے سفارشات طلب
وزیراعظم نے ٹیکس وصولیوں اور ریونیو سے متعلق عدالتوں میں زیرالتوامقدمات اور قانونی تنازعات کے حل کے لئے وزارت قانون سے سفارشات طلب کر لیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قانونی تنازعات حل کر کے قومی خزانے کو 1.7 ٹریلین روپے کی فراہمی کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس ضائع کرنے کیلئے مزید ایک لمحہ بھی نہیں، اصلاحات پر عمل درآمد سے ہی 6 سے 7 فیصد شرح ترقی کاحصول ممکن ہوسکتا ہے، ہمیں اپنے ریونیو اور ٹیکس کے نظام کو جدید بنانے کیلئے سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مراعات پر مبنی ٹیکس نظام لانا چاہتے ہیں، ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کی پوری خواہش ہے، عوام کی ترقی اور سماجی خدمت میں کاروباری برادری کو بھی اپنا کردار ادا کر کے مدد کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: فوربز: مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور ترین کاروباری خواتین میں 2 پاکستانی بھی شامل
انہوں نے کہا کہ دنیا میں سکہ بند نظام آچکے ہیں جنہیں اپنا کر ہم بہتری لاسکتے ہیں، تمام ٹیکسوں پر دیئے جانے والے استثنیٰ کی مکمل جانچ پڑتال ہونی چاہئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس ایم ایز کو ترقی دی ہوتی تو آج پاکستان ترقی کرنے والے ممالک سے پیچھے نہ ہوتا، اس موقع پر سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ پر بریفنگ دی۔